سیاست میں مسائل کا حل صرف مذاکرات ہیں، عطا تارڑ

June 30, 2024

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سیاست میں تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات میں ہے۔

مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات 2029ء میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات میں ہے، موجودہ صورتحال میں بیان بازی کی بجائے پارلیمان میں سیاست ہونی چاہیے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان بزرگ اور قابل احترام سیاست دان ہیں، انہیں چاہیے کہ حکومت کے بہتر معاشی اقدامات کو سراہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے معاشی اقدامات کے باعث اسٹاک ایکسچینج تاریخی بلندی پر ہے، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں۔

عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ تجارتی خسارہ کم اور روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے، یہ وقت بیان بازی کا نہیں ہے، سیاست پارلیمنٹ میں ہونی چاہیے۔