ورلڈکپ میں پہلے مرحلے کی مہمان پاکستان ٹیم بھی کروڑوں کی حقدار

July 01, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح بھارتی کرکٹ ٹیم کے حصے میں 24 لاکھ 50 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم آئی۔ پاکستانی کرنسی میں انڈین ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے پر 68 کروڑ روپے کی رقم ملے گی۔ پاکستان پہلے گروپ سے آگے نہ بڑھنے کے باوجود 6 کروڑ 88 لاکھ روپے سے زائد رقم کی حقدار بنی۔ کیونکہ آئی سی سی نے پہلے راؤنڈ کے چاروں گروپ میں تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیموں کے لیے فی ٹیم 2 لاکھ 47 ہزار ڈالر مختص کیے تھے، اس سے نیوزی لینڈ، سری لنکا اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں مستفید ہوں گی۔ جنوبی افریقا کی ٹیم 12 لاکھ 80 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کی حقدار قرار پائی۔ جنوبی افریقا کو پاکستانی کرنسی کے مطابق 35 کروڑ 62 لاکھ روپے ملیں گے۔ سیمی فائنل ہارنے والی دونوں ٹیموں کو سات لاکھ 87 ہزار پانچ سو ڈالرز ملیں گے۔ انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیم کو پاکستانی کرنسی کے مطابق تقریباً 22 کروڑ روپے انعام ملے گا۔پہلے راؤنڈ سے آگے نہ بڑھنے کے باوجود پاکستان ٹیم 6 کروڑ 88 لاکھ کی حقدار قرار پائی۔ پہلے راؤنڈ میں گروپ کے تیسرے نمبر کی ٹیموں کیلئے 247500ڈالرز مختص تھے ۔