کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی کسی صورت ختم نہیں ہو رہی، ایم کیو ایم

July 01, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ مرکزی کمیٹی نے کے الیکٹرک کی جانب سے جاری مسلسل طویل دورانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور زائد بلوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی کسی صورت ختم نہیں ہو رہی ، جس کے باعث ساکنان شہر کا جینا دوبھر ہو گیا ہے، اراکینِ مرکزی کمیٹی نے کہا کہ ترسیلی نظام کی بہتری کے نام پر سوائے ڈھکوسلوں کے اِس ادارے نے شہر کو کچھ نہیں دیا، کے الیکٹرک کا عملہ کھلے عام کنڈہ مافیا کے سرغنہ کا کردار ادا کر رہا ہے جس کا سارا بوجھ تنخواہ اور دیہاڑی دار طبقے پر منتقل کر دیا جاتا ہے زائد بل اور میٹر ریڈنگ میں گھپلا اب معمول کی بات ہے، ایم کیو ایم کے اراکین مرکزی کمیٹی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کو پابند کیا جائے کہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو کم سے کم اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو بلکل ختم کرے، کے الیکٹرک نے اگر اپنا قبلہ درست نہ کیا تو شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوکر اس شہر میں ان کی موجودگی کے لئے مشکل کا باعث بن سکتا ہے۔