بارباڈوس میں شدید طوفان، بھارتی کرکٹ ٹیم پھنس گئی

July 02, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی جیت کا جشن جاری ہے لیکن بھارتی کھلاڑی ابھی بارڈوس میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ ٹیم کو وطن واپسی میں مزید تاخیر کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ بارباڈوس میں سمندری طوفان جیسی صورتحال کے نتیجے میں حکام نے ہوائی سفر بند کر دیا، کھلاڑی اپنے ہوٹلوں کے اندر ہی رہنے پر مجبور ہیں۔ بجلی کی فراہمی بند ، انٹرنیٹ سروس معطل ہے ، شہریوں کو باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے کچھ صحافی بھی وطن واپسی کیلئے فلائٹ کے منتظر ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم کو پیر کو وطن روانہ ہونا تھا، لیکن ابھی تک واپسی کے شیڈول کے حوالے سے کوئی واضح صورتحال سامنے نہیں آئی۔ شدید موسمی حالات نے کپتان روہت شرما اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو ہوٹل کے اندر رہنے پر مجبور کر دیا ہے۔ سمندری طوفان بیرل کیٹیگری 4 کا (دوسرا شدید ترین) طوفان ہے اور اس لیے ہوائی سفر کے حوالے سے کوئی خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کا کہنا ہے کہ ہم بھی پھنسے ہوئے ہیں اور موسم بہتر ہوتے ہی واپسی کے لئے اقدامات کریں گے۔