بارشیں اور گرمی

July 03, 2024

ملک کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ ہیٹ ویو کی شدید زد میں آئے کراچی میں بھی موسم بدلنے کی پیش گوئیاں ہیں۔ متعلقہ محکمہ آگہی دیتا رہا ہے کہ اس برس معمول سے زیادہ بارشیں ہونگی جس کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ دریاؤں میں سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا امکان مدنظر رکھا جائے اوراس بارے میں تمام سطحوں پرادارے اور محکمے مستعد رہیں۔پیر کے روز شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھو ہار،بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، جنوب مشرقی بلوچستان اور جنوبی سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کےدیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشیں ہوئیں تو وہی سب کیفیتیں نمایاں ہوئیں جواس نوع کے مواقع پر وطن عزیز کے مختلف شہروں میں نظر آتی ہیں۔ نشیبی علاقے زیر آب آگئے،گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، سیکڑوں فیڈر ٹرپ ہوگئے ۔بارش سے کئی مقامات پرگرمی میں کمی ہوئی جبکہ شہر قائد کراچی میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات جولائی کی گرم ترین رات ریکارڈ کی گئی، کم سے کم پارہ32ڈگری سنٹی گریڈ رہا۔جولائی کامعمول کا درجہ حرارت27.9ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ 2021اور2022کےبرسوں میں جولائی کا درجہ حرارت31ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا تھا۔ پیر کےروز کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے4افرادانتقال کر گئے جبکہ پچھلے دس دنوں میں ہیٹ اسٹروک سے اموات کی تعداد49ہوگئی ۔پیر کے روز کراچی میں8روز سے بند سمندری ہوائیں بحال ہوگئیں۔ جس سے حبس میں کمی آئی۔ تاہم شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت38.7ڈگری ریکارڈ ہوا ۔ اچھا ہوکہ مون سون کی آمد کے موقع پر کراچی سمیت تمام شہروں میں احتیاطی اقدامات زیادہ موثر نظر آئیں اور این ڈی ایم اےکے تمام ایمرجنسی سینٹر بھی زیادہ مستعد ہونے کا ثبوت دیں۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998