الیکشن میں صرف تین دن باقی کنزرویٹوپارٹی کیلئے اچھی خبر، مقبولیت میں کمی ہونا بند ہوگئی

July 03, 2024

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) برطانیہ میں4جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں صرف دو دن باقی رہ گئے ہیں اور اب تمام سیاسی پارٹیاں آخری ہفتے میں پورے زور و شور کے ساتھ انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔ کنزرویٹو کے لئے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ ان کی مقبولیت میں مزید کمی ہونا بند ہوگئی ہے، لیکن وہ اب بھی لیبر کے 40فیصد کے مقابلے میں 20فیصد پر ہیں ریفارم یوکے 16فیصد، لبرل ڈیموکریٹ 11فیصد، گرین 6فیصد، سکاٹش نیشنل پارٹی 3فیصد پر ہیں۔ اگر ان تمام پارٹیوں کی مقبولیت کو نشستوں میں تبدیل کیاجائے تو لیبر کو 450کنزرویٹو کو 100، لبر ڈیمو کریٹ کو 50، سکاٹش نیشنل پارٹی کو 18، یوکے ریفارم کو 7اور گرین پارٹی کو دو نشستیں مل سکتی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ عوام کنزرویٹو پارٹی کے مسلسل 14برس اقتدار میں رہنے کے بعد اب تبدیلی چاہتے ہیں۔ لیکن وزیراعظم رشی سونک نے بی بی سی کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کو اپنی شاندار انتخابی مہم پر فخر ہے اور وہ اب بھی دوبارہ وزیراعظم بننے کے بارے میں بہت زیادہ پرامید ہیں۔ ابھی تک یہ سب باتیں تو صرف اندازے ہیں، لیکن 4جولائی کو حقیقی صورتحال سامنے آجائے گی۔