فرانس میں قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل

July 03, 2024

پیرس (رضا چوہدری) فرانس میں قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا جس کے بعد فرانسیسی وزارت داخلہ نے سرکاری نتائج جاری کر دیئے ان نتائج کے مطابق انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی (این آر )کو تاریخی کامیابی ملی ہے تاہم اکثریتی پارٹی کون ہوگی اس کا پتہ دوسرے راؤنڈ 7جولائی کی پولنگ میں ہو گا ۔ فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق پہلے راؤنڈ میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی 33 فیصد ووٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق بائیں بازو کی جماعت پاپولر فرنٹ 28فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ فرانسیسی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ صدر میکرون کی جماعت 20 فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ مقامی سیاسی مبصرین کے مطابق فرانس میں انتخابات کے پہلے مرحلے کا ٹرن آؤٹ 66.7 فیصد رہا جو کہ 1997 کے بعد یہ اب تک کا سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ ہے۔