برطانیہ مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل میں کردار ادا کرے، یوسف نسیم

July 03, 2024

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) برطانیہ مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ چار جولائی کو برطانوی عام انتخابات میں لاکھوں پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن ایسے اُمیدواروں کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کریں جو ان دیرینہ مسئلوں کا حل نکالنے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آل پارٹی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما و چیئرمین پیپلز فریڈم کانفرنس ایڈووکیٹ یوسف نسیم نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برداری کے سامنے مسئلہ کشمیر و فلسطین دو ایسے تنازعات ہیں جن کا حل نہ ہونا تیسری عالمی جنگ کا باعث بن سکتا ہے۔ اقوام متحدہ میں سیکورٹی کونسل کا مستقل ممبر ہونے کی حیثیت سے برطانیہ کااہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر برطانیہ کا ہی پیدا کردہ ہے اور اس تنازع کو حل کرانے میں برطانیہ ہی کردار ادا کر سکتا ہے۔ موجودہ انتخابات میں تارکین وطن ایسی سیاسی جماعتوں کی حمایت کریں جو دنیا میں تنازعات کے حل، امن ،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نوٹس ،محکوم قوموں کی آزادی، اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کیلئے اپنا کردار ادا کر سکتی ہوں۔ یوسف نسیم نے کہا کہ سلامتی کونسل مشرقی تیمور جنوبی سوڈان کی طرح کشمیریوں کو غیر مشروط حق خودارادیت دے اور تنازع فلسطین کے حل کیلئے دو ریاستی فارمولے پر عمل درآمد کرائے ۔