3 ماہ میں تیز رفتاری کے الزام میں 1,500 ڈرائیور پکڑے گئے

July 17, 2024

لندن (پی اے) ملک کی سڑکوں کو محفوظ بنانے کی مہم کے دوران گزشتہ3ماہ کے دوران A13, A12 اور M25 سمیت رہائشی اور دیہی علاقوں کی سڑکوں سے تیز رفتاری کے الزام میں 1,500ڈرائیور پکڑے گئے۔ اس دوران پکڑے گئے لوگوں میں ایک شخص کو70میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے کی اجازت والی سڑک پر 106میلفی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے کے الزام میں پکڑا گیا جبکہ ایک دوسرا شخص ایک رہائشی علاقے میں 30 میل فی گھنٹے کے بجائے66میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی دوڑاتے ہوئے پکڑا گیا۔ روڈ کرائم اور سیفر اسیکس روڈز کی سمنتھا رائٹ نے کہا کہ تیزرفتاری کمیونٹی اور خود گاڑی چلانے والوں دونوں ہی کیلئے خطرناک ہے۔ انھوں نے کہا کہ گاڑیوں کی رفتار کے قانون پر عمل کرانے والے افسر ٹریفک کے جرائم پر کنٹرول کیلئے بہت اہم کردار ادا کررہے ہیں، کمیونٹی کے ساتھ رابطے اور سڑکوں کو محفوظ بنانے والے اداروں کے تعاون سے ہمیں اپنی پولیس کی سرگرمیاں جاری رکھنے میں بڑی مدد ملتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سڑکوں پر رفتار کی حد پر عملدرآمد کرانے کے ذمہ دار افسران کا مقصد 2040 تک یا اس سے پہلے ہی سڑکوں پر ہونے والی اموات کا سلسلہ بالکل ختم کرنا ہے۔