فٹبال فیڈریشن نے پاکستانی نژاد پلیئرز کو غیر ملکی بنادیا

July 21, 2024

فائل فوٹو

پاکستان فٹبال فیڈریشن کی انوکھی منطق سامنے آگئی، پاکستانی نژاد پلیئرز کو غیر ملکی بنادیا۔

ذرائع کے مطابق قومی ویمن چیمپئن شپ میں غیر ملکی پلیئرز کے طور پر صرف پاکستانی نژاد پلیئرز کو شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ویمن چیمپئن شپ کے قوانین میں ہر ٹیم کو دو غیر ملکی پلیئرز شامل کرنے کی اجازت تھی، اس سلسلے میں ٹیموں نے ریگیولیشن پر وضاحت مانگی تو بتایا گیا کہ غیر ملکی پلیئرز کا مقصد پاکستانی نژاد کھلاڑی ہیں۔

ذرائع کے مطابقپی ایف ایف نے ٹیموں کو پیغام دیا کہ وہی پلیئرز غیر ملکی پلیئرز کے طور پر کھیل سکتے ہیں جن کے پاس نائیکوپ یا پاکستانی پاسپورٹ ہوگا۔

پی ایف ایف نے اپنے پیغام میں واضح کہا کہ پاکستانی شناختی دستاویزات کے بغیر کسی پلیئر کو قومی ویمن چیمپئن شپ کھیلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

فیفا قوانین کے مطابق پاسپورٹ یا شناختی دستاویزات کا حامل پلیئر اس ملک کا شہری تسلیم ہوتا ہے، پی ایف ایف متعدد اوور سیز پاکستانیوں کو اس ہی بنیاد پر قومی ٹیم میں کھلا چکا ہے۔

شریک کلبز نے سوال اٹھایا کہ پاکستان کھیلنے کا اہل پلیئر غیر ملکی پلیئر کی کیٹیگری میں کیسے آسکتا ہے جس پر پی ایف ایف کے ایک آفیشل نے موقف اپنایا کہ ریگیولیشن میں ڈائیسپورا لکھنا تھا، غلطی سے فارن پلیئر لکھا گیا ہے۔

آفیشل نے موقف اپنایا کہ ٹیموں میں بیلنس برقرار رکھنے کے لیے غیر ملکی پلیئرز کی شرکت پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ماضی میں نیپال، مالدیپ اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والی پلیئرز پاکستان میں فٹبال کھیل چکی ہیں۔