وزیر اعظم آئی پی پیز کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتے ہیں، خالد مقبول

August 02, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے وفد نے جمعرات کووزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور بالخصوص آئی پی پیز کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔اس موقع پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے ایم کیو ایم کی مرکزی کمیٹی کے سینئر رکن سید مصطفیٰ کمال و دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم شہباز شریف کو آئی پی پیز کے حوالے سے مکمل آگاہی فراہم کی ہے جس پر وزیر اعظم شہباز شریف صاحب نے ہمیں بتایا کہ وہ بھی ترجیح بنیادوں پر اس کو حل کرنا چاہتا ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے منتخب نمائندے ہیں اور عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں،جن کو عوام نے ووٹ نہیں دئیے وہ سڑکوں پر ہیں لیکن ہم سڑکوں پر آکر اس مسئلے کو حل نہیں کرنا چاہتے ہم چاہتے ہیں ہماری بات کو سنا جائے اور آئی پی پیز کے مسئلے کو حکومت سنجیدگی سے دیکھے، ہمارے پاس بھی احتجاج کا آپشن آسکتا ہے تاہم ابھی اس مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر لگے ہیں۔