بحرین میں پاکستانی سفیر کی جانب سے پہلی بزنس کانفرنس کا انعقاد

September 27, 2016

بحرین (اے پی پی) بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک کی کاوشوں سے منعقدہ پہلی پاک۔ بحرین بزنس کانفرنس میں 400سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔ کانفرنس کی مشترکہ صدارت وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان اور بحرین کے وزیر تجارت نے کی ۔ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد پاکستان میں کاروباری اور سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع سے عالمی سرمایہ کاروں کو آگاہی فراہم کرنا تھی۔ کانفرنس میں بحرین، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت اور دیگر خلیجی ممالک کے بڑے کاروباری اداروں کے شاہی خاندان، چیئرمین‘ سی ای اوز اور منیجنگ ڈائریکٹرز شریک تھے۔دیگر شرکاء میں ایف پی سی سی آئی اور بحرین چیمبر آف کامرس کے صدور بھی شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جاوید ملک نے پاکستان میں کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی اور کانفرنس کی صدارت کرنے پر خرم دستگیر خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک۔بحرین اقتصادی تعلقات کو نئی جہت دینے کیلئے وہ وزیر تجارت کی رہنمائی کے مشکور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی اقتصادی سفارتکاری کی پالیسی کے تحت ہم نے بحرین میں پہلی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ جاوید ملک نے کہا کہ پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس میں خلیجی ممالک نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے اپنے خطاب میں موجودہ حکومت کی جانب سے ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے کی جانے والی حکومتی کاوشوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حکومت پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے بہترین ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔ کانفرنس میں پنجاب، سندھ کے سرمایہ کاری بورڈز اور بلوچستان کی وزارت تجارت کی جانب سے بھی شرکاءکو پریزنٹیشن دی گئی۔ کانفرنس کے موقع پر جاوید ملک نے پاکستانی اور بحرین کے مختلف تجارتی وفود کے اجلاسوں میں بھی شرکت کی اور کہا کہ بحرین کی کاروباری برادری کو پاکستان کی کاروباری برادری کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے اور پاک۔بحرین انوسٹمنٹ کمپنی قائم کرنی چاہئے جو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ بحرین میں پاکستان ٹریڈ سنٹر قائم کیا جائے گا جو بحرین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی معاونت سے قائم ہو گا جس میں بحرین اور خلیجی ریاستوں کو برآمد کی جانے والی پاکستانی مصنوعات کی نمائش کی جائے گی۔ اس موقع پر بحرین اور پاکستان کے چیمبر آف کامرس کے باہمی تعاون کے حوالہ سے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے جبکہ بحرین کے اقتصادی ترقی کے بورڈ اور سندھ اور پنجاب کے سرمایہ کاری بورڈز کے درمیان بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔