کل بھوشن اقوام متحدہ کی پابندیوں والے گروپوں کو اسلحہ فراہم کرتا تھا، ملیحہ لودھی

September 28, 2016

اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے بھی بلوچستان اور فاٹا میں بغاوت اور دہشتگردی کی سرگرمیوں کی بھارت کی طرف سے حمایت بھارتی جاسوسی و تعاون کا اعتراف کیا ہے ، کلبھوشن یادیو اقوام متحدہ کی طرف سے پابندیوں کا سامنا کرنے والے گروپوں اور افراد کو مالی امداد اور اسلحہ فراہم کر رہا تھا،بھارت طویل عرصے سے ریاستی دہشتگردی کی سرپرستی اور ارتکاب کر رہا ہے ، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارتی وزیر خارجہ کے خطاب پر جواب کا حق استعمال کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے کہا کہ جموں و کشمیر کبھی بھی بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں رہا اور نہ ہی آئندہ ہوسکتا ہے، بھارتی وزیر خارجہ نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں بلوچستان کا مسئلہ اٹھا کر اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کی ۔ انہوں نے پاکستان کو عالمی برادری میں تنہا کرنے کے بھارتی مطالبے کو خود فریبی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور دیگر علاقوں میں جنگی جرائم کے ارتکاب اور جنگ کی خواہش کی بنیاد پر بھارت خود عالمی برادری میں تنہا ہو رہا ہے ، ہم بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی تجویز کو قبول کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کی اجازت دے ۔ بھارت اوڑی واقعہ کو بھی پاکستان کے خلاف الزام تراشی اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔