کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دینا حقائق کے منافی ہے، قاسم مجید

September 29, 2016

اسلام گڑھ(نمائندہ جنگ)پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما چوہدری قاسم مجید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔بھارتی وزیر خارجہ سشما سراج کا اقوام متحدہ میں بھارتی مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دینا حقائق کے منافی ہے۔کشمیر ،کشمیریوں کا ہے اور 70سالوں سے کشمیریوں نے بھارتی تسلط سے نجات کے لئے لاکھوں قربانیاں دی ہیں۔مقبوضہ وادی میں جاری کرفیو ،حریت لیڈر شپ کی نظربندیاں اور پیلٹ گن کے ذریعے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے عالمی برادری آگاہ ہو چکی ہے اور بھارت کا چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔مسئلہ کشمیر پر چین،روس،ترکی اور ایران کی حمایت پر کشمیری عوام مشکور ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے اسلام گڑھ کے مقامی ہوٹل میں پارٹی کارکنوں اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق چیف کوارڈی نیٹر چوہدری دائود بندروی ،اسلام گڑھ جرنلسٹ فورم کے صدر خالد محمودمغل ، راجہ عامر اختر،چوہدری امجد،چوہدری ناصر سمیت پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ بھارتی اپنا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہونے پر منظم سازشوں میں مصروف ہو گیا ہے۔سندھ طاس کو معاہدے کو یکطرفہ ختم کرنے کا بھارتی خواب مودی کے منفی اور جارہانہ عزایم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوںنے کہا کہ قائد عوام شہید ذولفقار علی بھٹی نے پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی اور کشمیر کی آزادی کے لئے ہزار سال جنگ لڑنے کا اعلان کیا اور آج پیپلز پارٹی کا ہر کارکن اپنے قائد کے ویژن کے مطابق مسئلہ کشمیر پر اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے پانچ سالہ دور حکومت میں جس انداز میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر گیا آج اس کے ثمرات کشمیری عوام محسوس کر رہے ہیں کہ مسئلہ کشمیر عالمی ایوانوں میں فلیش پوائنٹ بن چکا ہے اسی طرح پانچ سالوں میں آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی اور عوامی خوشخالی کے جو پروجیکٹ پیپلز پارٹی نے شروع کیے ان کی تکمیل کے بعد ریاستی عوام خوشخالی اور خطہ ترقی کی جانب گامزن ہو گا۔