یورپی پارلیمنٹ میں سالانہ ہفتہ کشمیر کا آغازآئندہ ماہ ہوگا

October 23, 2016

برسلز(حافظ انیب راشد) کشمیرکونسل ای یو کے زیر اہتمام یورپین پارلیمنٹ میں سالانہ ہفتہ کشمیر کی تقریبات سات نومبر بروز پیر سے شروع ہوں گی۔ جس میںیورپ کے علاوہ امریکہ کینیڈا، پاکستان اور مقبوضہ کشمیرسے انسانی حقوق کے نمائندے ، سکالرز ، دانشور اور اہم سیاسی شخصیات شرکت کریں گی۔ یورپین پارلیمنٹ میں منعقد ہونے والے اس کشمیر ای یو ویک کے میزبان ڈاکٹر سجاد کریم ایم ای پی ہیںجو پارلیمنٹ میںفرینڈز آف پاکستان گروپ کے چیئرمین بھی ہیں۔ اس حوالے سے جنگ سےگفتگو کرتےہوئے کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہاکہ یورپین پارلیمنٹ میںمنعقد ہونے والا یہ ساتواں سالانہ ہفتہ کشمیر ہے۔ یہ ہمارے ان پروگراموں میں سےایک تقریب ہے جس کے ذریعے ہم یورپین دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں جاری آزادی کی تحریک اور وہاں انڈین فورسز کی جانب سے کئے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہیں۔ ان ہفت روزہ تقریبات میں ایک بین الاقوامی کانفرنس مختلف مباحثے اور ورکشاپ کے علاوہ دستاویزی فلم تصویری اور دستکاری کی نمائش بھی شامل ہے پارلیمنٹ میںہفتہ کشمیر کی تقریبات 11 نومبر کو اختتام پذیر ہوں گی۔