کشمیری عوام پُرامن احتجاج جاری رکھیں گے، عبدالرشید ترابی

October 26, 2016

برمنگھم/ ڈربی (ابرار مغل/ نمائندہ جنگ) کُل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل کے کنوینر و رکن آزاد کشمیر اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ27اکتوبر کو ہندوستان کی مسلح افواج نے بغیر کسی قانونی جواز اور دستاویز، فرضی اور جعلی الحاق نامے کی آڑ میں سرینگر میں اپنی فوجیں اتارکر ظلم و ستم کا ایسا بازار گرم کیا جو آج تک جاری ہے۔ 27اکتوبر کو آزاد کشمیر سمیت پوری دنیا میں مقیم کشمیری یوم سیاہ مناکر ثابت کررہے ہیں کہ کشمیر پر ہندوستان کا قبضہ غیر قانونی اور غیر انسانی ہے۔ کشمیری بھرپور انداز میں اپنا پرامن احتجاج جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار کُل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی کے زیراہتمام ڈربی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس سے کشمیر رابطہ کمیٹی کے صدر حافظ مفتی فضل احمد قادری اور تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے بھی خطاب کیا۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ عالمی سطح پر ہندوستان کے ناجائز قبضے اور مقبوضہ وادی میں جاری مظالم کو بے نقاب کرنا وقت کا سب سے بڑا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی کے کردار اور جدوجہد کے نتیجے میں آج مسئلہ کشمیر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ27اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری عالمی سطح پر بھرپور انداز میں احتجاج کرکے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی طرف مبذول کروا رہے ہیں۔ حافظ فضل احمد قادری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے آج بھی اسی جذبے اور ولولے کے ساتھ نبردآزما ہیں جس کا آغاز27اکتوبر1947ء کو ہندوستانی قبضے سے شروع ہوا تھا۔ 27اکتوبر تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ہمیں اس دن ثابت کرنا ہوگا کہ کشمیری آج بھی اس قبضے کو غاصبانہ اور ناجائز تسلیم کرتے ہیں۔ راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنی تحریک میں جدت اور تیزی لاکر اقوام عالم کو بتانا ہوگا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر برصغیر میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے مختلف سوالات کے جوابات بھی دئیے۔