سینٹرل کنٹریکٹ جاری، سرفراز اور یاسر اے کیٹگری میں شامل، آفریدی و سعیداجمل کو جگہ نہ ملی

October 28, 2016

کراچی (اسٹاف رپورٹر) طویل انتظار اور کئی ماہ کی سوچ و بچار کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے30کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ سابق کپتان شاہد خان آفریدی اور سعید اجمل کو سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔ ٹی 20 کپتان سرفراز احمد کو ان کی محنت کا صلہ ملا ہے۔ سرفراز احمد، یاسر شاہ کو مسلسل اچھی کارکردگی کے باعث اے کیٹیگری دی گئی ہے۔ گذشتہ سال شاہد آفریدی اے کٹیگری میں تھے۔ بابر اعظم،سمیع اسلم، عماد وسیم کو ڈی سے سی کیٹیگری دی گئی ہے۔ حسن علی خالد لطیف، شرجیل خان، محمد نواز، سہیل خان اور سہیل تنویر کو پہلی بار سی کیٹیگری دی گئی ہے۔ ڈسپلن کی خلاف ورزی کے باعث ٹیم سے ڈراپ رہنے اور تنازعات میں ملوث احمد شہزاد کو بی سے ڈی اور عمر اکمل سی سے ڈی کیٹگری دی گئی ہے۔ دونوں کا ستارہ گردش میں ہے اور ان کی مشکلات کم نہیں ہوسکی ہیں۔ فواد عالم ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کے باوجود سلیکٹرز کو متاثر کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ عمر امین اور جنید خان کو بھی سینٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا گیا ہے۔ ایک سال سے فٹنس مسائل کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ حارث سہیل کو بھی سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں برقرار رکھا گیا ہے۔ حسن علی، محمد نواز، محمد اصغر کو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کو چار کیٹیگریز میں رکھا گیا ہے اور اس کا اطلاق یکم اکتوبر سے30 جون تک ہوگا۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر، چیف سلیکٹر انضمام الحق، مدثر نذر اور عثمان واہلہ پر مشتمل کمیٹی نے سینٹرل کنٹریکٹ میں تین ماہ کی توسیع کی تھی۔ اب اس ماہ سے نئے کنٹریکٹ جاری کئے گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کی منظوری سے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا گیا ۔ تاہم گزشتہ چند برسوں سے کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کے معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی غیرمستقل مزاجی سامنے آتی رہی ہے۔ دو سال پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینئر بیٹسمین یونس خان کو بی کیٹگری میں شامل کیا تھا لیکن شدید ردعمل سامنے آنے کے بعد اسے یونس خان کو اے کیٹگری دینی پڑی تھی۔ گذشتہ سال عماد وسیم کو ابتدائی لسٹ میں نہیں رکھا گیا تھا۔ اس بار بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کا سینٹرل کنٹریکٹ کا فارمولا تنقید کی زد میں ہے۔ بیٹسمین حارث سہیل فٹنس مسائل کی وجہ سے پاکستان کی نمائندگی نہیں کر رہے ہیں۔ صہیب مقصودکا نام بھی اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔ لیفٹ آرم سپنر ذوالفقار بابر کو مسلسل تیسرے سال ڈی کیٹگری میں رکھا گیا ہے ۔ سینٹرل کنٹریکٹ کی تیس کھلاڑیوں کی فہرست میں یہ کھلاڑی شامل ہیں۔ اظہر علی، مصباح الحق، یونس خان، سرفراز احمد، محمد حفیظ، شعیب ملک، یاسر شاہ، اے کٹیگری، وہاب ریاض، راحت علی، اسد ، شفیق، محمد عامر، بی کیٹیگری، حارث سہیل، محمد رضوان، عمران خان سینئر، شان مسعود، محمد عرفان، سمیع اسلم، بابر اعظم، عماد وسیم، حسن علی، خالد لطیف، شرجیل خان، محمد نواز، سہیل خان، سہیل تنویر سی کیٹیگری، انور علی، ذوالفقار بابر، محمد اصغر، احمد شہزاد اور عمر اکمل ڈی کٹیگری میں شامل ہیں۔