دوسراٹیسٹ:کک آج بطور انگلش کپتان ایتھرٹن کا ریکارڈ برابرکرینگے

October 28, 2016

ڈھاکا (نیوز ایجنسیز) بنگلہ دیش کے خلاف بہتر کارکردگی اور سیریز میں کلین سوئپ کا عزم لیے انگلش کرکٹ ٹیم جمعہ کو میدان میں اترے گی۔ مہمان ٹیم کے کپتان ایلسٹرکک دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں شرکت کے ساتھ ہی بطور کپتان ملک کی طرف سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے کا مائیک ایتھرٹن کا ریکارڈ برابر کر لیں گے، ایتھرٹن کو 54 ٹیسٹ میچز میں انگلینڈ کی قیادت کا اعزاز حاصل ہے، ایتھرٹن کی قیادت میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں انگلش ٹیم 13 میں فتح یاب رہی جبکہ 21 میں اسے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا اور 20 ڈرا ہوئے جبکہ کک اب تک 53 میچز میں انگلینڈ کی قیادت کر چکے ہیں جن میں سے انگلینڈ نے 24 جیتے، 17 ہارے اور جبکہ 12 ڈرا ہوئے۔ہوم سائیڈ نے چٹاگانگ ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی سے انگلینڈ کے دانت کھٹے کردیے تھے۔ اس کارکردگی سے تقویت پاتے ہوئے میزبان آل رائونڈر شکیب الحسن کہتے کہ ان کے پاس میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انگلینڈ کی جانب سے اسپنر ظفر انصاری ٹیسٹ ڈیبیو کرسکتے ہیں۔