اسلام آباد مودی یا یہودی نے نہیں ان سے بڑے موذی نے بند کرایا، شہباز شریف

October 28, 2016

لاہور (نمائندہ جنگ ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد مودی یا یہودی نہیں ان سے بڑے موذی نے بند کرایا، نیازی صاحب کی جانب سے پاکستان کو بند کرنے کے ناپاک منصوبے سے آج نریندر مودی سے زیادہ کوئی اورخوش نہیں ہوگا ، نیازی صاحب کو عام آدمی کے حالات سے کوئی سروکار نہیں ، اسلام آباد ، پاکستان اور سی پیک کو بند کرنے کی سازش کرنے والے دراصل مشرقی سرحد پار بیٹھے پاکستان کے ازلی دشمن کے خوابوں کی تکمیل کر رہے ہیں ، عمران خان ’’برائون صاحب‘‘ بن کر اسلام آباد بند کرا کے پاکستان کے عوام کا معاشی قتل عام چاہتے ہیں لیکن قوم ایسا کبھی نہیں ہونے دے گی ۔جمعرات کو ایوان صنعت و تجارت لاہور کے زیراہتمام ’پرامن پاکستان ۔خوشحال پاکستان‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیازی صاحب کو عام آدمی کے حالات سے کوئی سروکار نہیں، انہیں تو اپنے صوبے خیبر پختونخوا کا بھی علم نہیں کہ وہاں برف پوش پہاڑوں پر بسنے والے انسان کس طرح زندگی بسر کرتے ہیں -نیازی صاحب کا اب بھی احتجاج پر مصر رہنا ان کا عدالت عظمیٰ یا اس کے ججوں پر اعتماد نہ رکھنے کے مترادف ہے۔ اگر ایسا معاملہ ہے تو خدارا قوم کو کھل کر بتا دیں۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کے الزامات کا جواب اب اپنی تقریروں میں نہیں بلکہ عدالت میں دوں گا اور اس ضمن میں میرے وکلاء نوٹس تیار کر رہے ہیں اور میں عدالت سے درخواست کروں گا کہ وہ اس کا جلد فیصلہ کرے۔