اولیاؒ کی تعلیمات پر عمل سے کامیابی مل سکتی ہے، پیر جہانزیب بادشاہ

December 02, 2016

اولڈہم (غلام مصطفیٰ مغل) زیب سجادہ نشین دربار عالیہ موہڑہ شریف پیر جہانزیب بادشاہ قاسمی نے کہا ہے کہ اولیا کاملین نے ہمیشہ انسانی حقوق کی پاسداری کا درس دیا ہے، اس لئے آج بھی ان بزرگان دین کا تذکرہ جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ قاسمہ زاہدیہ اسلامک سنٹر اولڈہم کے زیر اہتمام انجمن محبان طریقت انٹرنیشنل موہڑہ شریف کے سالانہ عرس خواجگان موہڑہ شریف پیر محمد قاسم صادق سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر کامیاب زندگی گزاری جاسکتی ہے، پیر جہانزیب نے کہا کہ کچھ انتہا پسند تنظیمیں نوجوانوں کو جہاد کا غلط مطلب بتا کر ورغلا رہے ہیں، ہمیں چاہئے کہ اپنے نوجوانوں کو دین کی درست تعلیمات کی طرف راغب کریں۔ ڈاکٹر فضیل عیاض قاسمی نے کہا کہ صوفیا اور اولیا کرام نے پیار و محبت کے ذریعے لاکھوں لوگوں کو اسلام کی تعلیم دے کر مسلمان کیا، علامہ نواز بشیر جیلانی جنرل سیکرٹری لبیک یا رسول پاکستان، علامہ ظہور احمد نقشبندی، پیر اورنگ زیب قاسمی، چوہدری جہانگیر، حافظ محمد مسعود عالم، شاہ صبغت اللہ قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب کو مل کر انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف کام کرنا ہوگا اور اپنی نئی نسل کو ایسے افراد سے بچانا ہوگا جو انتہا پسندی کی تعلیم دیتے ہیں۔ عرس کی محفل میں الحاج گل نقشبندی، محمد حسن رضا، راجہ مجید، ساجد کاسی نے بارگاہ رسول مقبول ﷺ میں ہدیہ نعت پیش کی۔