نیدرلینڈ کی کونٹیننٹل کمپنی کا پاکستان کی جنرل ٹائرز سے تعلق ختم کرکے شیئرز فروخت کرنیکا اعلان

January 12, 2017

کراچی (نیوز ڈیسک) نیدرلینڈ کی کمپنی کونٹیننٹل گلوبل ہولڈنگ نے جنرل ٹائر اینڈ ربڑ کمپنی آف پاکستان کے ساتھ تعلق ختم کرکے اپنے حصے کے شیئرز فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹائر بنانے والی پاکستان کی سب سے بڑی کمپنی میں کونٹیننٹل ہولڈنگ کے 9.78؍ فیصد شیئرز ہیں اور جنرل ٹائر اینڈ ربڑ کمپنی آف پاکستان کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق کونٹیننٹل گلوبل ہولڈنگ نیدرلینڈز جلد از جلد اور معاشی لحاظ سے موزوں موقع پر اپنے حصے کے شیئرز فروخت کرنا چاہتی ہے۔ جنرل ٹائر انٹرنیشنل کارپوریشن نے 1963ء میں جنرل ٹائر اینڈ ربڑ کمپنی قائم کی تھی۔ کونٹیننٹل نے 1987ء میں اس کمپنی میں شیئرز حاصل کیے اور تکنیکی معاونت فراہم کی۔ جنرل کے برانڈ کا نام کونٹیننٹل کی ملکیت ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ سالانہ 25؍ لاکھ ٹائرز بنائے جاتے ہیں، یہ تعداد پاکستان کی طلب کا ایک تہائی حصہ سمجھا جاتا ہے۔