محکمہ زراعت میں 800فیلڈ اسسٹنٹس بھرتی کرنے کی منظوری

January 16, 2017

ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ میں 8سو فیلڈ اسسٹنٹس کی اسامیوں کی بھرتی کی اجازت دے دی ہے، بھرتی پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی جائے گی۔فیلڈ سٹاف کی کارکرگی جانچنے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے اور فیلڈ سٹاف کی کارکردگی انسینٹیو بیس(Incentive Base)ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع واڈاپٹیو ریسرچ)پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی نے مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں شفقت حسین بھٹی ڈائریکٹرزراعت توسیع ڈی جی خان ، رانا احمد منیر ڈائریکٹر زراعت توسیع ملتان اور ڈائریکٹر ہارٹیکلچر توسیع ظفر یاب حیدر کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹرززراعت توسیع چوہدری نصیر احمد،نذیر احمد بھٹی،مہر عابد حسین،سردار جمیل احمد اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں سمیت محکمہ زراعت توسیع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، زراعت آفیسرز اور دیگر فیلڈ سٹاف بھی موجود تھا،ڈاکٹر انجم علی نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت توسیع کے فیلڈ ورکرز پنجاب بھر سے اب تک 3لاکھ سے زائد مٹی کے نمونہ جات حاصل کرکے لیبارٹریوں میں تجزیہ کیلئے بھجوا چکے ہیں۔صوبہ سے52لاکھ کاشتکاروں کی رجسٹریشن کے عمل میں مزید تیزی لانے کیلئے فیلڈ سٹاف کو سہولتیں دی جارہی ہیں۔زراعت آفیسرز کوگاڑیاں اور لیپ ٹاپ فراہم کئے جارہیں جبکہ فیلڈ اسسٹنٹس کو موٹر سائیکل دئے جا چکے ہیںاوراب ٹیب (TAB)بھی فراہم کئے جارہے ہیں قبل ازیں اشفاق حسین ہاشمی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ،اس موقع پرشفقت حسین بھٹی ، رانا احمد منیر اور چوہدری نصیر احمد نے بھی خطاب کیا۔