سہون :مزار کے قریب 4 مشکوک افرادکودیکھاگیا، ایف آئی آر

February 19, 2017

سہون میں لعل شہباز قلندر کے مزار پر ہونے والے خودکش دھماکے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ، ایف آئی آر ایس ایچ او رسول بخش پنہور کی مدعیت میں درج کی گئی۔ایف آئی آر کے مطابق مزار کے قریب چار مشکوک افرا دکو دیکھا گیا ۔

ایف آئی آر میں قتل، اقدام قتل، ایکسپلوزو اور دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں ، ایف آئی آر میں اس کے اندراج کا وقت 17 فروری شام ساڑھے چھ بجے درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق پیٹرولنگ کرتی پولیس پارٹی حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر پہنچے جہاں شلوار قمیض میں ملبوس چار افراد کو دیکھا گیا ، چاروں مشکوک افراد میں سے ایک شخص کو باقی تین افراد نے گلے مل کر روانہ کیا، روانہ ہونے والے شخص کو باقی تین افراد نے کہا’’ تمہیں مبارک ہو اور خدا حافظ،،

ایس ایچ او رسول بخش پنہور کے مطابق انہوں نے ڈیوٹی پر مامور ہیڈ کانسٹیبل عبدالعلیم کو روانہ ہونے والے شخص کو روک کر چیک کرنے کا کہا،کانسٹیبل عبدالعلیم نے مشکوک شخص کو مڑنے کا کہا تو7 بج کر 1 منٹ پر خوفناک دھماکا ہوگیا اور بھگدڑ مچ گئی۔ باقی تین مشکوک افراد بھگدڑ میں گم ہوگئے، جنہیں اچھی طرح سے دیکھا گیا ہے۔ گم ہو جانے والے افراد کو دیکھ کر پہچان سکتا ہوں۔