شام میں دھماکا خیز مواد پھٹنے سے چار روسی فوجی ہلاک

February 21, 2017

روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ شام میں دھماکا خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں 4 روسی فوجی ہلاک ہو گئے۔

روسی نیوز ایجنسیوں نے وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ جمعرات کو شامی فوج کے قافلے میں شامل روسی فوجیوں کی گاڑی کو طیاس کے عسکری ہوائی اڈے کے نزدیک ریموٹ کنٹرول بم کا نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں 4 روسی فوجی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ 2 فوجی زخمی ہوئے۔ شامی فوج کا قافلہ طیاس کے فوجی ہوائی اڈے سے حمص جا رہا تھا۔ ستمبر 2015 میں شامی صدر بشار الاسد کے مطالبے پر ماسکو کی فوجی مداخلت کے بعد سے شام میں مارے جانے والے روسی فوجیوں کی مجموعی تعداد 26 ہو گئی ہے۔

اس دوران روس کو ایک ہی دن میں سب سے بڑا جانی نقصان یکم اگست 2016 کو ہوا تھا جب ملک کے شمال مغرب میں اس کا ایک ہیلی کاپٹر گرائے جانے کے نتیجے میں 5 روسی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔