لاہور کے ینگ ڈاکٹرز کی محکمہ صحت کو 48گھنٹے کی ڈیڈ لائن

February 22, 2017

لاہور میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی، جنہوں نے مطالبات تسلیم کرانے کیلئے محکمہ صحت کو 48گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیدی۔

لاہور کے سروسز اسپتال کی ایمرجنسی میں آج بھی ان ڈور اور آؤٹ ڈور مریض بے بس اوربے حال، جبکہ سینئرڈاکٹر اورمحکمہ صحت خاموش رہے۔

لاہور میں ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج آخری حدوں کو چھونے لگا، میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے دوٹوک کہہ دیا کہ ساتھی ڈاکٹروں سے ناروا سلوک کرنےوالوں کے خلاف مقدمہ درج ہونے تک ہڑتال جاری رکھیں گے، 48 گھنٹے کی مہلت دے رہےہیں ، جس کےبعد پورے صوبے کے اسپتالوں کی او پی ڈیز بند کرادیں گے۔

دوسری جانب پروفیسر اور سینئر ڈاکٹربھی طبی سہولتیں بحال نہ کراسکے، بس خاموشی سے دیکھتے رہے،لوگ مایوس ہوکراپنے مریضوں کو واپس لے جاتے رہے۔

مریضوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت نے بھی ینگ ڈاکٹروں کےسامنے گھٹنے ٹیک دیئےہیں، اسپتال کو یرغمال بنانے والوں کے خلاف کارروائی آخر کیوں نہیں کی جا رہی۔