قوم کی خاطر پی ایس ایل فائنل دیکھنے آیا ہوں،شیخ رشید

March 05, 2017

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ان کی مخالفت نواز شریف سے ہےقوم سے نہیں،پی ایس ایل کا فائنل قوم کی خاطر دیکھنے آیا ہوں۔

شیخ رشید ٹرین کے ذریعے پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے لاہور پہنچے تو ڈی ایس ریلوے نے ان کا استقبال کیا اور انہیں وزیر ریلوے سعد رفیق کی جانب سے خیر سگالی کے طور گلدستہ پیش کیا ۔

میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل کرانے کا فیصلہ درست ہے ،یہ پاکستان کے وقار کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری کے منع کرنے کے باوجود میچ دیکھنے آیا ہوں،عمران خان کا اپنا فیصلہ ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میرے پاس 500 اور 8ہزار روپے والے ٹکٹ ہیں،عوام میں بیٹھ کر میچ دیکھوں گا،نجم سیٹھی نے مجھے کوئی دعوت نامہ نہیں بھیجا۔