رشتہ داریاں سب کی ہوتی ہیں، اداروں کو اپنی گندی سیاست میں نہ گھسیٹیں

April 25, 2017

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ رشتہ داریاں سب کی ہوتی ہیں، اداروں کو اپنی گندی سیاست میں نہ گھسیٹیں،آصف زرداری اور عمران خان اقتدار کے لئے بائولے ہوگئے ہیں،یہ دونوں ہی لوزر ہیں،عمران خان ایک دن زرداری سے ہاتھ ملاتے اور دوسرے روز ان کو گالیاں نکالتے ہیں، دراصل خان صاحب اپنے پائوں پر کلہاڑا چلانے کے عادی ہیں، اعتزاز احسن اتنے آگے بڑھ گئے کہ قومی سلامتی کے اداروں تک پہنچ گئے، آصف علی زرداری نعروں سے قد کاٹھ بڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب اور طلال چوہدری نے الگ الگ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے سعدرفیق نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور عمران خان اقتدار کے لئے بائولے ہوگئے ہیں،یہ دونوں ہی لوزر ہیں ،بس یہ دیکھنا ہے کہ ان میں سے زیادہ بڑا لوزر کون ہے،ن لیگ 2018ء میں الیکشن دو تہائی اکثریت سے جیتے گی۔سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان ، شیخ رشید اور سراج الحق نے پاناما کیس کے دوران عدالت کے باہر دکان لگائی ، روز کا بندر تماشہ بنچ پر دبائو بڑھانے کے لئے لگایا جاتا تھا،ان کی الزام تراشی کی وجہ سے ہمیں بھی جواب دینے کے لئے سامنے آنا پڑا ۔انہوں نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی کے ارکان کا حتمی تعین سپریم کورٹ نے ہی کرنا ہے ،جو لوگ یہ سمجھتےہیں کہ دبائو ڈال کر جے آئی ٹی پر اثر انداز ہوں گے وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ،آج عمران خان کے لئے جو ریمارکس دیئےوہ ججوں کی سوچ کے عکاس ہیں۔ وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی 7میں سے ایک استدعا بھی منظور نہیں ہوئی ،پی ٹی آئی سربراہ کی کالی پٹی ٹھیک تھی یا مٹھائی کھانا؟ وہ ایک دن زرداری سے ہاتھ ملاتے اور دوسرے روز ان کو گالیاں نکالتے ہیں،دراصل خان صاحب اپنے پائوں پر کلہاڑا چلانے کے عادی ہیں۔ان کا کہناتھاکہ اپنی گندی سیاست میں اداروں کو نہ گھسیٹو ، یہ ایسے بد بخت لوگ ہیں جو اداروں پر چڑھائی کا موقع ڈھونڈتے ہیں ، دونوں جھوٹ بولنے سے باز نہیں آئیں گے ،رشتے داریاں تو سب کی ہر جگہ موجود ہیں، اعتزاز احسن اتنے آگے بڑھ گئے کہ قومی سلامتی کے اداروں تک پہنچ گئے۔سعد رفیق کا کہناتھاکہ سپریم کورٹ کے ججوں نے ہمارے خلاف رائے دی ہے، اسکے باوجود ان کا احترام کرتے ہیں اپوزیشن رہنماؤں کا ججوں کے ریمارکس کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا بھی توہین عدالت تھا ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ زرداری صاحب ہمیں پتہ ہے آپ کو کیا تکلیف ہے ، یہ شہید بینظیر اور ذوالفقار علی بھٹو کی پارٹی نہیں ، مگر وہ اداروں کے بارے میں بات نہ کریں ۔انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اکبر بابر کے سوالوں کا جواب دینے اور حنیف عباسی کی پٹیشن کے لئے تیار رہیں،ایسا نہ ہوں کہ ہمیں نااہل قرار دینے کی کوشش میں ناکامی کے بعد آپ خود ہی نااہل قرار نہ پائیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اور نگزیب نے کہا ہےکہ عمران خان اور دیگر اپوزیشن جماعتیں جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہی ہیں جو کہ توہین عدالت کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ غیر سیاسی اداروں کو سیاست میں شامل کرنا نامناسب رویہ ہے، ادار و ں کو سیاست میں گھسیٹنے کی روایت ختم ہونی چاہیے۔مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپوزیشن کی نامناسب گفتگو کے آج سپریم کورٹ کو بھی بولنا پڑا کہ دنیا میں ہر جگہ اختلافی نوٹ آجاتے ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نعروں سے قد کاٹھ بڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، زرداری نواز شریف کی طرح بننا چاہتے ہیں تو سندھ کے عوام کو روزگار دیں۔ پی پی دور میں سرمایہ عوام پر لگنے کی بجائے زرداری کی جیب میں گیا۔ زرداری کا پیسہ کبھی سرائے محل گیا تو کبھی سوئس بینک گیا۔ پی رکے روز سابق صدر آصف علی زرداری کی تقریر کے رد عمل میں طلال چوہدری نے کہا کہ پی پی پی نے سندھ کے عوام کو دھوکا دیا، پی پی پی نے سرمای عوام کے بجائے زرداری پر لگایا ہے۔ پی پی پی نے سندھ کے عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔