محصولات کا تخمینہ 5310؍ ارب ، کل آمدن میں صوبوں کیلئے 2384؍ ارب روپے

May 27, 2017

اسلام آباد (جنگ نیوز / نیوز ایجنسیز) وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2017-18ء کیلئے مجموعی مالی محصولات کا تخمینہ 5,310؍ ارب روپے لگایا گیا ہے جس میں ٹیکس وصولی کا ہدف 4,013؍ روپے ہے۔ کل آمدن میں صوبوں کیلئے 2384؍ ارب روپے ہونگے جس میں سے پنجاب کو 1162؍ ارب روپے ،سندھ کو 612؍ ارب روپے ، خیبرپختونخوا کو 390؍ ارب روپے اور بلوچستان کو 219؍ ارب روپے حاصل ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنی بجٹ تقریر میںکہا کہ وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2017-18ء کیلئے مجموعی مالی محصولات کا تخمینہ 5,310؍ ارب روپے لگایا گیا ہے جس میں ٹیکس وصولی کا ہدف 4,013؍ روپے ہے۔ یاد رہے کہ نظرثانی شدہ ہدف 3,521؍ ارب روپے تھا۔ کل آمدنی میں 12.1 فیصد اضافہ کیاجا رہا ہے جبکہ ایف بی آر کی ٹیکس وصولی میں 14؍ فیصد اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل آمدنی میں سے صوبائی حکومتوں کا حصہ 2,384؍ ارب روپے بنتا ہے جوکہ 2016-17ء کے نظرثانی شدہ ہدف 2,121؍ ارب روپے کے مقابلے میں 12.4؍ فیصد زیادہ ہے۔ یہ وسائل صوبائی حکومتیں انسانی تر قی اور لوگوں کی سیکورٹی کے لئے خرچ کریں گی۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتوں کا حصہ نکالنے کے بعد وفاقی حکومت کی بقیہ آمدنی 2017-18ء میں 2,926؍ ارب روپے متوقع ہے جوکہ 2016-17ء میں 2,616 ارب روپے ہے۔