کمشنرکامختلف رمضان بازاروں کادورہ، انتظامات،قیمتوں کاجائزہ

May 29, 2017

فیصل آباد( خبر نگارخصوصی ) کمشنر مومن آغا نے کہاکہ رمضان بازاروں کو عوامی توقعات کے مطابق بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور ان بازاروں میں فروخت کے لئے معیاری اشیاء ہی نظر آنی چاہئے۔ انہوں نے یہ ہدایت مختلف رمضان بازاروں کا معائنہ کرتے ہوئے جاری کی۔ آر پی او بلال صدیق کمیانہ اور ایم این اے میاں عبدالمنان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر فیضان مدینہ چوک مدینہ ٹائون کے رمضان بازار میں گئے اور وہاں اشیائے ضروریہ کی کوالٹی و دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سبزیوں ‘ پھلوں اور کریانہ کی اشیاء کے سٹال کا معائنہ کرتے ہوئے ان کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لیا اور سٹاف سے کہا کہ صارفین کو رمضان بازار میں خریداری سے خاطر خواہ معاشی فائدہ حاصل ہونا چاہئے۔ وہ سستی چینی اور سستے آٹے کے سٹالز پر بھی گئے اور فروخت کے ریکارڈ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خریداروں کے رش کی صورت میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے خصوصی انتظامات ہونے چاہئیں۔ کمشنر نے خریداری کے لئے آئے ہوئے افراد سے بھی ملاقات کی اور ان سے رمضان بازاروں کے انتظامات و فوائد کے بارے میں دریافت کیا۔