آر ٹی اے اور انتظامیہ کی عدم موجودگی، ٹرانسپورٹرز کی جانب سے من مانے کرایوںکی وصولی

June 26, 2017

میرپورخاص(نامہ نگار) عید الفطر کے حوالہ سے حکومت سندھ اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے پیشگی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کا راج ،مجبور مسافروں سے من مانا کرایہ وصول کیا گیا،جس کے باعث ٹرانسپورٹ کے عملہ اور مسافروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی پیش آئے۔ میرپورخاص سمیت اندرون سندھ رہائش پذیر افراد کی بڑی تعدا د جوکہ روزگار کے حصول اور دیگر وجوہات کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں اور بالخصوص کراچی میں مستقل اور عارضی طور پر رہائش پذیر ہے کی اپنے عزیز واقارب کے ساتھ عید کی خوشیاں منانے کےلئے میرپورخاص سمیت اندرون سندھ آمد ورفت رہتی ہے،جنہیں ہر سال ٹرانسپورٹروں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا جاتا ہے، میرپورخاص پہنچنے والے مسافروں نے بتایا کہ ہفتہ کو صوبائی حکومت کی معمول کی چھٹی ہونے کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد نے جمعہ کی شام ہی سے اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید منانے کے لئے گھروں کے لئے واپسی شروع کردی تھی ،مجبور مسافروں سے ٹرانسپورٹرزنہ صرف من مانا کرایہ طلب کیا بلکہ مسافروں سے ان کا رویہ بھی جارحانہ تھااور یوں مہنگائی کے ستائےعوام کومزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔جبکہ آرٹی اے،پولیس اور ضلعی انتظامیہ منظر سے مکمل غائب رہی ۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عیدالفطر کی چھٹیوں میں عوام کو ٹرانسپوٹرز کی لوٹ کھسوٹ سے نجات دلانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔