ا سٹریٹ کرائم روکنے کیلئے بننے والی ڈولفن فورس کے 708اہلکار پاسنگ آؤٹ کیلئےطلب

July 21, 2017

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) چوہنگ سنٹرلاہورمیں تربیت حاصل کرنے والے ڈولفن فورس کے 708اہلکاروں کو پاسنگ آؤٹ کے لئے طلب کرلیاگیا، ان میں راولپنڈی کے 154کانسٹیبل بھی شامل ہیں ۔ سڑکوں اورگلیوں میں سٹریٹ کرائم روکنے کے لئے ترکی کی طرزپرلاہورمیں کامیاب تجربہ کے بعدپنجاب کے دیگر5بڑے شہروں میں بھی ڈولفن فورس بنانے کے احکامات جاری کئے گئے تھے ۔چندماہ قبل لاہورمیں تین ماہ کی تربیت حاصل کرنے والے راولپنڈی ، فیصل آباد، گوجرانوالہ ، ملتان اوربہاولپورسے تعلق رکھنے والے ڈولفن فورس کے جوانوں کی پاسنگ آؤٹ جدیدپریڈموٹرسائیکلوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے التواکاشکارہوگئی تھی اورتربیت کی تکمیل کے بعدانہیں پاسنگ آؤٹ کے بغیرہی واپس ان کے اضلاع میں بھیج دیاگیاتھا ۔اب گذشتہ روز سنٹرل پولیس آفس لاہورسے ان پانچوں اضلاع کے ضلعی پولیس افسروں کوبذریعہ خطوط ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ اپنے اضلاع کے ان جوانوں کو29جولائی تک چوہنگ ٹریننگ سنٹر لاہوربھیجوائیں تاکہ انہیں پاسنگ آؤٹ کے حوالے سے تیاری کرائی جاسکے ادھرچوہنگ سنٹرکے کمانڈنٹ نے متعلقہ حکام سے پاسنگ آؤٹ کے لئے 500سی سی کے 250موٹرسائیکل ،500ہیلمٹ ،ڈولفن فورس کی 708یونیفارمزاور50ٹریک سوٹس طلب کرلئے ہیں۔توقع ہے کہ ڈولفن فورس کے اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ15اگست کو ہو گی۔