بلوچستان حکومت نے روس سے جدید غیر جنگی ہیلی کاپٹر حاصل کرلیا

July 24, 2017

ماسکو /کوئٹہ (این این آئی)بلوچستان حکومت نے روس سے ایم آئی 171 ای غیر جنگی ہیلی کاپٹر حاصل کرلیا جو فوجی ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 سے مختلف ہے جسے پاک فوج پہلے ہی استعمال کر رہی ہے ٗایم آئی 171 ہیلی کاپٹر اپنے قابل اعتماد اور تمام موسموں میں استعمال کے قابل ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے اور بلوچستان حکومت اسے سامان کی ترسیل یا مسافروں کی منتقلی اور ایمرجنسی کی صورتحال میں استعمال کر سکتی ہے۔بلوچستان حکومت اور روسی ہیلی کاپٹرز کے درمیان ایک کروڑ 52 لاکھ ڈالر مالیت کے اس ہیلی کاپٹر کا جنوری 2017 میں معاہدہ ہوا تھا۔ایم آئی 171 ای ہیلی کاپٹر، استعمال کے حساب سے شکل تبدیل کر لینے والا ہیلی کاپٹر ہے جس کے کیبِن کو فریٹ سے 13 نشستوں والے وی آئی پی کیبن کی شکل دی جاسکتی ہے جبکہ اس میں فلائٹ اٹینڈنٹ کا آپشن بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ہیلی کاپٹر کے کیبن میں ایک وقت میں 27 مسافروں اور 4 ٹن سامان کی گنجائش موجود ہے جبکہ اس میں ہنگامی صورتحال میں پیراٹروپرز اور ریسکیو اہلکاروں کی جلد لینڈنگ کیلیے تین اضافی پوائنٹس بھی موجود ہیں۔طبی ایمرجنسی کی صورتحال میں ہیلی کاپٹر کو ایمبولینس کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے جس میں نشستوں کی جگہ 14 اسٹریچرز رکھنے کی گنجائش ہے۔