سعودی عرب، جعلی کرنسی و دستاویزات تیار کرنے والا شخص گرفتار

August 07, 2017

سعودی دارالحکومت ریاض میں جعلی کرنسی اور دستاویزات تیار کرنے والا صومالی باشندہ گرفتارکرلیا گیا ۔ ملزم کے قبضے سے جعلی سعودی کرنسی ، اقامے اور دیگر جعلی دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔

غیر ملکی شخص نے جعل سازی کا نیٹ ورک قائم کررکھا تھا۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس کے اہلکاروں نے ملزم کی کڑی نگرانی شروع کر دی تاکہ اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جاسکے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کی کمین گاہ سے جعلی سرکاری دستاویزات ،22 عدد تیار اقامے ، 27 اقاموں کے کارڈ جن پر عبارت تحریر کرکے کمپیوٹر کے ذریعے تصویر اسکین کرنے کے بعد انہیں تیار کیا جانا تھا ، 4عدد جعلی پاسپورٹ ، بڑی تعداد میں کرنسی نوٹ اور سرکاری اداروں کی جعلی مہریں برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس نے جعل سازی میں استعمال ہونے والے سافٹ وئیر ، لیپ ٹاپس اور دیگر اشیاءبھی اپنے قبضے میں لے لی ہیں ۔

ابتدائی تحقیقات میں ملزم نے جعل سازی کا اعتراف کر لیا ۔ جعل ساز غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم تھا۔