مذاکرات کامیاب، ینگ ڈاکٹرز کا ڈیوٹی پر آنے کا اعلان

August 15, 2017

حکومت پنجاب سے کامیاب مذاکرات کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے پندرہ روزہ ہڑتال ختم کرکے آج سے سرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈیز میں ڈیوٹی پر واپس آنے کا اعلان کردیا۔

ینگ ڈاکٹرزایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عاطف کا کہنا ہے کہ ہڑتال ختم کرکے آج اسپتالوں کی او پی ڈیز کھول دیں گے۔

ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے اسپتالوں کی اوپی ڈیز میں ڈیوٹی دینے کا اعلان کرتے ہوئے ڈاکٹرعاطف نے بتایا کہ اسپتالوں کی ایمرجنسی سروس بند کرنے کی کال بھی واپس لے لی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ صحت کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے تمام اسپتالوں میں 15 روز تک ہڑتال رہی، اس دوران محکمہ صحت نے غیر حاضر 76 ڈاکٹروں کو معطل کیا جبکہ 11 لیڈی ڈاکٹرز کی تنخواہیں کاٹی گئیں اور926نئے ڈاکٹر بھرتی کیے۔