پراگ میں پاکستان کے یوم آزادی پر تقریب و استقبالیہ

August 17, 2017

لندن (نیوز ڈیسک)پراگ میںپاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسرار حسین نےپاکستان کے سفارت خانے میںمنعقدہ پاکستان کے یوم آزادی کی تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔ پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے بچوں نے قومی ترانہ پڑھا اس موقع پر پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ جمہوریہ چیک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اور زیرتعلیم پاکستانی طلبہ نے قومی پرچم لہرانے کی تقریب میں شرکت کی ۔ ایف بی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عامر عطا باجوہ کی زیرقیادت 9رکنی وفد نےبھی یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کی۔ مہمانوں کی تواضع پاکستان کے روایتی کھانوں سے کی گئی۔

اس موقع پر بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔ سفیرڈاکٹر اسرارحسین نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد 70برسوں میں پاکستان نے بڑی کامیابیاںحاصل کی ہیں۔ انہوں نے یوم آزادی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی تاریخ میں یہ مختصر مدت ہے جس میں پاکستان کی کامیابیاں شاندار ہیں۔ شام کو پاکستانی سفارت خانے نے استقبالیہ کا اہتمام کیاتھا۔ پاکستانی مینگو شو اور فوڈ فیسٹیول سب کی توجہ کا مرکز رہا۔ تقریب میں تین چیک منسٹرز چیک وائس چیئرمین آف چیمبر آف کامرس اور پاکستان کے 9رکنی وفد ایف پی سی سی آئی نے شرکت کی۔ ڈاکٹر اسرار حسین نے آزادی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ 70برسوں میں پاکستان ایک مستحکم جمہوری ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال بھارتی افواج کے ہاتھوں حقوق انسانی کی خوفناک خلاف ورزیوں کواجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک علاقے میں گیم چینجر پروجیکٹ ہے اور اس سے ملک میں زبردست مواقع ملیں گے۔ انہوں نے چیک انٹرپرنیوٹرز کو مشورہ دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے لئے انتہائی سازگار اور مفید ماحول کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں اور سرمایہ کاری پر غور کریں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان اور جمہوریہ چیک کے مابین باہمی تجارت میں اضافہ ہوا ہے یہ اضافہ گزشتہ برس 20فی صد رہا تاہم انہوں نے کہا کہ تجارت کا یہ حجم دونوں ملکوںکی استعداد سے کم ہے۔ انہوںنےچیک حکومت اور ایف پی سی سی آئی کے وفد کا شکریہ ادا کیا کہ انہوںنے پاکستان کے یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کی۔ ڈپٹی منسٹر فار انڈسٹری اینڈ ٹریڈ، ڈپٹی منسٹر فار فارن آفیئرز اور ڈپٹی منسٹر فار ڈیفنس نے یوم آزادی پر پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کو مبارک باد پیش کی۔ انہوںنے اس سے اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کے مابین باہمی تجارت میں اضافے کے مواقع موجود ہیں۔

چیک چیمبر آف کامرس کے نائب صدر اور سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ کمرشل قونصلر محمد دائود پیرزادو نے پاکستان اور جمہوریہ چیک کے مابین باہمی تجارت پاکستانی مینگوز کی تفصیلات پیش کیں۔ تقریب میں جمہوریہ چیک کی معزز شخصیات بزنس کمیونٹی یورپی پارلیمنٹ کے چیک ارکان غیرملکی مشنز کےسفیروں اور سرکردہ تاجروں نےبھی شرکت کی۔