پاکستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم ہونا ضروری ہیں، افغان صدر کی ہرزہ سرائی

September 23, 2017

نیویارک( جنگ نیوز) افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کے قیام کے لیے پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم ہونا انتہائی ضروری ہے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات سے قبل کہی۔ملاقات کے بعد میڈیا کے سامنے ڈ و نلڈ ٹرمپ اور اشرف غنی دونوں نے پاکستان کا نام نہیں لیا۔ تاہم افغان صدر کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طویل امریکی جنگ اور شدت پسندی کے بڑھتے ہوئے خطرے کو ختم کرنے کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ ماہ اعلان کردہ منصوبے پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کا کردار کلیدی ہے۔

وائٹ ہائوس کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے حاشیے میں کی گئی اس ملاقات میں دونو ں صدور نے خاص طور پر سکیورٹی صورت حال اور امریکی کمپنیو ں کی جانب سے افغان معدنی ذخائر کی تلاش جیسے موضو عا ت کو فوقیت دی۔ اس بیان میں مزید بتایا گیا کہ معدنی ذخا ئر کی تلاش کے عمل میں امریکی کمپنیوں کی شمولیت سے کابل کی اقتصادی پالیسیوں کو تقویت حاصل ہو گی۔