نظام مصطفیٰﷺ کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا،کیپٹن (ر)صفدر

October 16, 2017

حسن ابدال (اے پی پی)نظام مصطفیٰ ؐ کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔نواز شریف کا جرم ملک کو ایٹمی اور معاشی طاقت بنانا ہے۔مشکل وقت میں دوست ساتھ چھوڑ گئے مگر ہماری تربیت سر اٹھا کر جینے کی ہے۔ اولیاءکے در سے وابستگی والوں کو جھکایا نہیں جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ(ن) کے رہنماءکیپٹن (ر)صفدر نے دربار اعظمیہ سالک آباد شریف میں عرس کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار آنی جانی چیز ہے ، وزراءکے جھنڈے اتر جائیں گے اور حکومتیں ختم ہو جاتی ہیں مگر اولیاءسے وابستگی کا سلسلہ ختم نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا قصور اس ملک کو ایٹمی اور معاشی طاقت بنانا تھا ۔ کیپٹن صفدر نے کہا کہ ہماری تربیت میں سر اٹھا کر جینا شامل ہے ۔اولیاءکرام کا دامن پکڑنے والوں کا سر جھکایا نہیں جا سکتا۔

مشکل وقت میں قریبی ساتھی بھی ساتھ چھوڑ گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں سیاست کرنے نہیں جاتا بلکہ خدمت مصطفےؐ کے لیے جاتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اولیاءکی نظر کرم کے باعث وجود میں آیا تھا ۔عرس کی تقریب میں ڈی سی او اٹک سمیت مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کے قائدین اور اندرون ملک اور بیرون ملک سے آئے ہوئے ہزاروں مریدین نے شرکت کی۔اختتامی دعا حضرت پیر محمد طارق اعظم المعروف پیر ثانی سرکار نے کرائی ۔ عرس کی تقریبات میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

عرس کی تین روزہ تقریبات میں ملک بھر کے نامور علماءکرام نے خطاب کیا جبکہ ثناءخوان رسولؐ نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔