اسپین اور پرتگال کے جنگلات میں آتشزدگی، 30 افراد ہلاک

October 16, 2017

اسپین اور پرتگال کے جنگلات میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم ازکم 30 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پرتگال کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہوگئی اور تیز ہوائوں کے باعث اس نے شہری علاقوں کا رخ کرلیا ہے۔

بلند ہوتے شعلے دور دراز علاقوں سے دکھائی دے رہے ہیں جب کہ آگ پر قابو پانے کے لیے 500 سے زائد فائر فائٹرز کوششوں میں مصروف ہیں تاہم 18 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود انہیں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔

حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر27ہوگئی ہیںاور50 سے زائد زخمی ہیں جب کہ متعدد افراد لاپتہ ہیں۔درجنوں فائرفائٹرز کو شہری علاقوں کی طرف آنے والی سڑکوں پر تعینات کردیا گیا ہے تاکہ قریب کے شہرکو آگ کی لپیٹ میں آنے سے روکا جاسکے۔

رواں سال جون میں بھی پرتگال کے وسط میں واقع جنگلات میں لگی بدترین آگ میں 64 افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔دوسری جانب اسپین کے جنگلات میں بھی آگ لگ گئی۔ 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہوائوں کے باعث آگ اطراف کے شہروں کی جانب بڑھ رہی ہے۔

آتشزدگی کے واقعہ میں اب تک 3 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔اسپین کے وزیراعظم نے آتشزدگی میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ وہ دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ آگ کو شہروں کا رخ کرنے سے قبل ہی بجھانے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جارہے ہیں۔