ڈی ویلیئرز کی 176رنز کی اننگز،کئی سنگ میل عبور

October 18, 2017

جنوبی افریقا کے اسٹار بیٹسمین اے بی ڈی ویلیئرز نے بنگلادیش کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں 176رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور کئی سنگ میل عبور کرلئے۔

ڈی ویلیئرز نے میچ کے دوران 104 گیندوں پر 15چوکوں اور 7 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے اپنے کیرئیر کی بڑی اننگز کھیلی اور ساتھ ہی 25ویں سنچری بناکر سری لنکن وکٹ کیپر بیٹسمین سنگاکارا کا زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا۔

پارل میں ہونے والے اس میچ کے دوران سابق جنوبی افریقی کپتان نے ایک روزہ کرکٹ میں چھکوں کی ڈبل سنچری مکمل کی، وہ یہ اعزاز پانے والے جنوبی افریقا کے پہلے اور دنیا کے چھٹے کھلاڑی بن گئے، اس سے قبل شاہد آفریدی، سنتھ جے سوریا، کرس گیل، مہندرا سنگھ دھونی اور برینڈن میک کولم یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں آفریدی 351 چھکوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، جے سوریا 270 چھکوں کے ساتھ دوسرے، کرس گیل 252 چھکوں کے ساتھ تیسرے، دھونی 213 چھکوں کے ساتھ چوتھے اور ویلیئرز 201 چھکوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

ڈی ویلیئرز نے اپنی اس یادگار اننگز کے دوران سابق بھارتی کپتان اظہر الدین اور ویسٹ انڈیز کے اسٹار بیٹسمین کرس گیل کے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، وہ اب 50 اوورز کی کرکٹ میں زیادہ اسکور بنانے والوں کی فہرست میں 15ویں نمبر پر آگئے ہیں ۔

سنچریوں کی تعداد کے لحاظ سے جنوبی افریقی اسٹار بیٹسمین اپنے ہم وطن ہاشم آملہ کے بعد دوسرے اور دنیا چھٹے کھلاڑی بن گئے ہیں، ایک روزہ کرکٹ میں سچن ٹنڈولکر 49 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، رکی پونٹنگ اور ویرات کوہلی نے 30،30، جے سوریا نے 28، آملہ نے26 اننگز میں سو کا ہندسہ عبور کیا۔

ڈی ویلیئرز نے 224 میچز میں 25 سنچریوں کی مدد سے 9495 رنز بنائے ہیں، اظہرالدین نے 9378 اور گیل نے 9394 رنز بنا رکھے تھے۔

اس کے علاوہ ڈی ویلیئرز انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیلنے والے چوتھے جنوبی افریقن بلے باز بھی بن گئے ہیں، پروٹیز کی طرف سے گیری کرسٹن 188 رنز کی اننگز کھیل کر سرفہرست ہیں، فاف ڈوپلیسی 185 رنز کی اننگز کھیل کر دوسرے اور ڈی کوک 178 رنز کی اننگز کھیل کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔