جمہوریہ چیک، انتخابات میں مہاجرین مخالف سخت گیر رہنما کامیاب

October 22, 2017

جمہوریہ چیک کے پارلیمانی انتخابات میں مہاجرین مخالف منشور کے ساتھ اے این او پارٹی کے ارب پتی لیڈرآندرے بابس بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے۔

برطانوی میڈیا نے جمہوریہ چیک کے نو منتخب وزیراعظم کو یورپ کا ڈونلڈ ٹرمپ قرار دے دیا، کہا کہ بابس کی فتح یورپی یونین کے لیے بھیانک خواب ثابت ہوگی۔

ہفتے کو جمہوریہ چیک کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کی 200 سیٹوں کے لیے انتخابات ہوئے جس میں 9 پارٹیوں نے سیٹیں حاصل کی ہیں، آندرے بابس نے 29 اعشاریہ 65 فی صد ووٹ حاصل کیے۔

آندرے بابس یورپی یونین کی مہاجرین کے حوالے سے پالیسیوں کی سخت مخالفت کرتے آئے ہیں، انہوں نے اپنے انتخابی منشور میں کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن اور ٹیکس میں کمی کا وعدہ کیا ہے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ مقبولیت کی سیاست کرنے والے سخت گیر رہنما کی جیت نے وسطی یورپی ملک کو دائیں بازو کی سیاست کی جانب دھکیل دیا ہے، اس سے قبل جرمنی اور آسٹریا کے انتخابی نتائج میں یورپ میں امیگریشن پالیسی مخالف سیاسی پارٹیوں کو عروج حاصل ہوا ہے۔