عمران خان کو لعل شہباز کے مزار پر حاضری سےروک دیا گیا

October 23, 2017

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خا ن کو حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری سےروک دیا گیا۔

عمران خان سہیون میں جلسے کے بعد حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری دینے گئے تھے۔ شاہ محمو د قریشی نے الزام عائد کیا کہ سندھ پولیس اور ایس پی جامشورو نے عمران خان اور تحریک انصاف کی قیادت کو مزار پر حاضری کی اجازت نہیں دی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سندھ کی آستانوں اور خانقاہوں کی روایات کے خلاف ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جب مزار پر سیکورٹی کی ضرورت تھی تو یہاں لاشیں پڑی تھیں کوئی اٹھانے والا نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ خود آستانے اور درگاہ والے ہیں وہ یہاں آتے رہیں گے انہیں کوئی نہیں روک سکتا۔ ڈی سی فرید مصطفی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو درگاہ پر جانے سے نہیں روکا گیا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کو مسلح افراد ساتھ لیکر جانے روکا گیا تھا۔ تحریک انصاف والوں نے خود ایشو بنایا اور واپس چلے گئے۔شاہ محمود قریشی اور دیگر سینئررہنماؤں نے درگاہ پر حاضری دی۔