کراچی :صدر کے ہوٹل سے نوجوان کی لاش برآمد

November 24, 2017

کراچی کے علاقے صدر میں واقع ایک ہوٹل کے کمرے سے ایک نوجوان کی لاش ملی ہے۔

پریڈی پولیس کے مطابق صدر میں شالیمار ہوٹل کی چوتھی منزل پر واقع کمرے سے 19 سالہ صدیق اللہ نامی نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

مقتول کو چھری کے وار کرکے قتل کیا گیا ہے، پولیس اس حوالے سے تفتیش کر رہی ہے کہ نوجوان کو کس نے اور کیوں قتل کیا ہے۔

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرمنلز سمیت 9ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد ہوا ہے۔

لائنز ایریا میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر 4ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان بینک سے رقم لے کر نکلنے والوں کو لوٹتے تھے۔

ملزمان سے برآمد ہونے والی دونوں موٹر سائیکلیں فیروزآباد تھانے کی حدود سے چھینی گئیں تھیں۔

ادھر اورنگی ٹاؤن سے مختلف کارروائیوں میں 3ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ایس پی اورنگی عابد بلوچ کے مطابق گرفتار ملزمان میں وقاص،ابوبکر اور صابر شامل ہیں، جن کے قبضے سے اسلحہ، نقدی اور زیورات برآمد ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان ڈکیتی مہو اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

ملیر سٹی پولیس نے دو منشیات فروشوں اقبال اور اظہر عرف بابا کو گرفتار کرلیا۔