حدیبیہ پیپرز ملز، نیب درخواست پر خصوصی بنچ تشکیل

November 25, 2017

حدیبیہ پیپرز ملز کیخلاف نیب کی درخواست پر سپریم کورٹ نےجسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بنچ تشکیل دیدیاہے۔

نئے بینچ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور مظہر عالم خان بھی شامل ہیں ، 28نومبر کو دن 12 بجے بنچ نیب درخواست پر شریف برادران کے خلاف حدیبیہ پیپرز ملز ریفرنس کی سماعت کرے گا ۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار کی ہدایت پر پہلے بنائے گئے بنچ نے 13 نومبر کو کیس کی سماعت ہوناتھی ،اس موقع پر جسٹس آصف سعید کھوسہ نے بنچ میں بیٹھنے سے معذرت کردی تھی ،جس پر بنچ ٹوٹ گیا تھا۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ رجسٹرار آفس کی غلطی سے یہ کیس ان کے پاس لگ گیا۔

ان کا کہنا تھا، 'میں نے پاناما کیس سے متعلق 20 اپریل کے فیصلے میں حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس پر14 پیراگراف لکھے، جس میں نیب کو اس ریفرنس کو کھولنےکا حکم دیا تھا۔