جہانگیر ترین نااہلی کے عدالتی فیصلے پر نظر ثانی کیلئےسپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اپیل دائر

January 23, 2018

لاہور(نمائندہ جنگ)تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی نااہلی کے عدالتی فیصلے پر نظر ثانی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے اور نظر ثانی کی درخواست میں مختلف آئینی نکات اور اعتراضات اٹھائے گئے ہیں. جہانگیر ترین کی عدالتی فیصلے پر نااہلی کیخلاف ایم اے غنی ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اپیل دائر کی جس میں حنیف عباسی ایف بی آر، ایس ای سی پی اور دیگر کوفریق بنایا گیا ہے ، درخواست میں اعتراض اٹھایا گیا کہ سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کی نااہلی کیلئے آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کا استعمال درست نہیں کیا گیا اور آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف مکمل ہونے تک استعمال نہیں کیا جاسکتا،ایسا قانون جو مکمل ہی نہیں اس کا اطلاق کیسے ہو سکتا ہے، آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق اس وقت ہوتا ہے جب کسی عدالت نے کسی شخص کےصادق اور امین ہونے سے متعلق فیصلہ دیا ہو اور جب تک کوئی عدالت کسی فرد کو صادق اور امین قرار نہیں دیتی تو سپریم کورٹ 62 ون ایف کا اطلاق نہیں کر سکتی ، اسلئےجہانگیر ترین کو نااہل قرار دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے ان کی نااہلی کالعدم قرار د ی جائے۔