نوازشریف کیخلاف توہین عدالت، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کاانتظارہے،جسٹس عامر

February 21, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدلیہ مخالف بیانات پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کیخلاف دائر توہین عدالت اور انکی تقاریر پر پابندی سے متعلق درخواست کی سماعت 26 فروری تک ملتوی کر دی۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ نوازشریف کیخلاف توہین عدالت کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے درخواست گزار مخدوم نیاز انقلابی کو آئندہ سماعت پر پریس کونسل آف پاکستان کے قوانین سے متعلق دلائل عدالت پیش کرنے کا حکم دیا۔ منگل کو نواز شریف کیخلاف عدلیہ مخالف بیانات پر دائر توہین عدالت اور میڈیا میں انکی تقاریر پابندی کی درخواست کی سماعت شروع ہوئی تو جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اسی نوعیت کی ایک درخواست لاہور ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت ہے ، اس درخواست کی سماعت 26 فروری کیلئے مقرر کر رہے ہیں ، پہلے لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کا انتظار کرلیتے ہیں وہاں کیا ہوتا ہے۔ اس موقع پر درخواست گزار مخدوم نیاز انقلابی نے نواز شریف کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت اور دیگر مختلف تقاریر کے حوالے دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے ججز کی کردار کشی کو وطیرہ بنایا ہوا ہے لہٰذا ان کی تقاریر براہ راست نشر کرنے پر پر پابندی عائد کی جائے ۔جسٹس عامر فاروق نے ان سے کہا کہ آپ نے اس درخواست میں پریس کونسل آف پاکستان کو فریق بنایا ہے ، آئندہ سماعت پر پریس کونسل آف پاکستان کے قوانین سے متعلق عدالت میں دلائل پیش کریں۔