نیشنل اسٹیڈیم روڈ کی ازسرنوتعمیرسست روی کا شکار، پی ایس ایل فائنل متاثر ہونے کاخدشہ

February 21, 2018

کراچی(طاہرعزیز/اسٹاف رپورٹر) محکمہ بلدیات حکومت سندھ کی جانب سے نیشنل اسٹیڈیم روڈ کی ازسرنوتعمیرکا کام انتہائی سست روی کا شکار ، 23 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کا فائنل کرکٹ میچ متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے،نیوٹاؤن تھانہ سے میلنیم مال تک سڑک کی ازسرنو تعمیر کا کام ایک ماہ قبل شروع ہواتھا نیوٹاؤن سے نیشنل اسٹیڈیم تک سڑک کو چار انچ اکھاڑا گیا ہے جبکہ مقامی اسپتال کے سامنے کا حصہ چھوڑدیا گیا ہے دوسری جانب میلنیم مال سے ایس آر ای مجیدتک سڑک کو اکھاڑنے کے بعد کام روک دیا گیا ہے اس ٹریک پر ٹریفک کا پہلے ہی بہت زیادہ دباؤ ہے ڈرگ روڈ اسٹیشن کے سامنے فلائی اوور کی چھت کی تعمیر کے باعث ساراٹریفک ڈالمیا سے گزر کر کارساز روڈ کے ذریعے شارع فیصل جاتا ہے اس سڑک کی لاگت کا تخمینہ 38 کروڑ روپے ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر جلد مکمل کرنے کے بجائے کام کی رفتار انتہائی سست ہے 23 مارچ کو طویل عرصے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں کرکٹ کابین الاقوامی میچ منعقد کیا جارہا ہے سڑک کو وقت سے پہلے مکمل کرنے کے بجائے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میچ دیکھنے کے لیے آنے والے پاکستانی شہریوں سمیت غیرملکی مہمانوں کو بھی تکالیف کا سامنا کرنا پڑے گا اوراسٹیڈیم کے اطراف زیرتعمیر سڑ ک کوئی اچھا تاثر پیش نہیں کرے گی وزیراعلیٰ سندھ کو سڑک کی سست تعمیر کا فوری نوٹس لینا چاہیئے اور اس کی راہ میں حائل دشواریوں کوفوری دور کیا جائے۔