تجاوزات ختم اور سرکاری اراضی واگزار کرانےکیلئے آپریشن کی تیاریاں مکمل

February 21, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) میونسپل کارپوریشن حیدرآباد نے شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل، غیرقانونی تجاوزات اور بلدیہ کی اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی لینڈ مافیا، بلڈرز اور قابضین سے وا گزار کرانے کے لئے انسداد تجاوزات آپریشن شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں، اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ کارروائی کرےگا، میونسپل کمشنر نے اینٹی انکروچمنٹ سیل کو احکامات دیدیئے، مزاحمت کرنے والے قابضین کی فوری گرفتاری اورایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل، تجاوزات کی بھرمار اور بلدیہ کی قیمتی اراضی پر لینڈ مافیا، بلڈرز اور قابضین کے قبضوں کے خلاف میئر سید طیب حسین نے بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے جس کے بعد اینٹی انکروچمنٹ کے عملے نے کارروائی کے لئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، انسداد تجاوزات آپریشن کا آغاز اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ کھوکھرمحلہ میں سڑک پرقائم غیرقانونی دکانیں، رہائشی تعمیرات اور پختہ تجاوزات کے خلاف کارروائی سے کرےگا۔ بلدیہ ذرائع کے مطابق انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران کسی سیاسی دباؤ، یا سفارش کو قبول نہیں کیا جائے گا اور مزاحمت کرنے والوں کو گرفتار اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔