عاصمہ جہانگیر کا مشن جاری رکھیں گے،تعزیت کرنے والوں کے شکرگزار ہیں،اہل خانہ

February 22, 2018

لاہور(خبرنگارخصوصی)معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر مرحومہ کے اہل خانہ نے محترمہ عاصمہ جہانگیر کے نماز جنازہ پر ملک کے طول وعرض اور دنیا بھر سے شرکت کرنے والے تمام افرادکا شکریہ ادا کیا ہے ان کی صاحبزادیوں منیزے جہانگیر، سلیمہ جہانگیراوردیگر اہل خانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ان تمام افراد کے بھی ممنون ہیں جنھوں نے غم کی اس گھڑی میں ہمارے گھر آکر تعزیت کی او ان کے بھی شکر گزار ہیں جنھوں نے ہمیں تعزیتی پیغامات بھیجے۔ عاصمہ جہانگیر کے جانے سے جو خلاء پیدا ہوا اسے پورا کرنا تو ممکن نہیں لیکن ہم انکے انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے خصوصا معاشرے کے محروم اور پسے ہوئے طبقے کی قانونی معاونت اور انصاف کی فراہمی کا فلاحی منصوبہ ہمیشہ جاری رہے گا۔ہم عوام اور عاصمہ جہانگیر کے چاہنے والوں کی محبت ، شفقت اور تعظیم کو قدر کی نگاہوں سے دیکھتے ہیں اوراس حقیقت کو جانتے ہیں کہ ہم جمہوریت کی پاسداری، قانون کی حکمرانی،انسانی حقوق اور قوموں کے مابین امن کی فضاء کے حصول کے لیے، جدوجہد کرنے والی نڈر عاصمہ جہانگیر کے غم میں تنہا نہیں ہیں۔