ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ میں درجہ بندی میں بہتری نے ہماری شفافیت کی پالیسی پر ایک بار پھر مہر تصدیق ثبت کردی ،شہباز شریف

February 23, 2018

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ میں درجہ بندی میں بہتری نے ہماری شفافیت کی پالیسی پر ایک بار پھر مہر تصدیق ثبت کردی ہے ۔عالمی ادارہ کی جانب سے حکومت کی شفافیت کی پالیسیوں کا اعتراف خوش آئندہے ۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نہ صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت بلکہ 22 کروڑ عوام کیلئے ایک اعزازہے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت کے فروغ، کرپشن کے خاتمے اور بہتر خدمات کی فراہمی کی پالیسی کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہترہوا ہے۔ ہماری حکومت نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شفافیت ،معیار اورتیزرفتاری ہمارا طرہ امتیاز ہے ۔ ترقی کے سفرکومزیدتیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ تعلیم ،صحت اورزراعت سمیت ہر شعبے میں تاریخی کام ہوئے ہیں اورپنجاب کی ترقی دوسرے صوبوں کیلئے مثال بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں میگا پراجیکٹس میں پہلی مرتبہ اربوں روپے کی بچت کی گئی اور بچائی گئی رقم عوام کی فلاح و بہبود کے دیگر منصوبوں پر خرچ کی جا رہی ہے ـوزیر اعلی نے کہا کہ ہم نے صوبے میں یکساں ترقی کے ویژن پر عملدرآمد کیا اور پہلی مرتبہ صوبہ کے تمام دیہات میں ʼʼپکیاں سڑکاں سوکھے پینڈےʼʼ پراجیکٹ کے تحت ہزاروں کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی گئیـ شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیشن کے آغاز کے موقع پر قوم، کھلاڑیوں ، پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ کو مبارکباددی ہے۔انہوں نے پی ایس ایل تھری کے آغاز پر کرکٹ شائقین ، ٹیموں او رکھلاڑیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے ـوزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ایس ایل تھری کا آغاز پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں معاون ثابت ہو گااوراس ٹورنامنٹ کے انعقاد سے شائقین کرکٹ کو عالمی معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گیـ انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل جیسے انٹر نیشنل ایونٹس کے انعقادسے پاکستان کا دنیا بھر میں سافٹ امیج اجاگر ہو رہا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے انعقاد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے راہیں کھلی ہیںـانہوں نے کہاکہ امید ہے کہ پاکستان میں ان میچوں کے انعقاد سے کرکٹ سٹیڈیمز کی رونقیں بحال ہوں گیـ۔