پی ایس ایل تھری:کراچی کنگز نے 150رنز کا ہدف دیدیا

February 23, 2018

پاکستان سپرلیگ ( پی ایس ایل) تھری کے دوسرے روز کھیلے جارہے پہلے میچ میں کراچی کنگزمقررہ 20اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 149 رنز بنالئے ،اور مقابل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 150 ہدف دیدیا ہے ۔

دبئی انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز کی طرف سےکولن انگرم41،خرم منظور 35،اور روی بھوپارا 24 رنز نے نمایاں اننگز کھیلیں۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ،جوئے ڈینلی اور خرم منظور نے 34رنز کا پر اعتماد آغاز فراہم کیا ،جوئے ڈینلی 14کے اسکور پر رن آوٹ ہوگئے ۔

دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور خرم منظور نے 23رنز کی شراکت قائم کی ،57 کے مجموعے پر بابر اعظم کوئی بائونڈری لگائے بغیر 10 کے انفرادی اسکور پر راحت علی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کھڑے سرفراز احمد کو گیند تھما بیٹھے۔

تیسری وکٹ 83 کے اسکور پر گری ، اوپنر خرم منظور جارحانہ شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے ، انہوں نے 38 گیندوں پر 35رنز بنائے ، ان کی اننگز میں 2چوکے بھی شامل تھے ، اس بار وکٹ انور علی کے حصے میں آئی۔

میچ کا 15واں اوور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کافی مہنگا پڑا، کولن انگرم نے اس اوور میں انور علی کو 1چھکا اور 2چوکے جڑ دیے۔

کراچی کنگز کی چوتھی وکٹ جارحانہ انداز اپنائے ہوئے کولن انگرم کی تھی ، انہوں نے صرف 21گیندوں پر 2چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 41رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی ،یہ اہم وکٹ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جوفرا آرچر کے نام رہی ۔

132 کے مجموعی اسکور پر پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی روی بھوپارا تھے، انہوں نے 4چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے ،انہیں انور علی نے میدان بدر کیا۔

138رنز پر کپتان عماد وسیم صرف 2کے انفرادی اسکور پر گیند وکٹ کیپر سرفراز احمد کو تھمابیٹھے ،انہیں بھی آرچر نے پویلین لوٹنے پر مجبور کیا ،وہ آئوٹ ہونے والے چھٹے بیٹسمین تھے ۔

کراچی کنگز کی ساتویں وکٹ 140 رنز پر گری ،مایہ ناز آل رائونڈر شاہد آفریدی 8گیندوں پر 4رنز بناسکے ،انہیں شین واٹس نے کلین بولڈ کیا، آٹھویں وکٹ 140اور نویں وکٹ 144رنز پر گری ، محمد عرفان صفر اور محمد رضوان 5رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے شین واٹس نے 3، راحت علی اور آرچر نے 2،2 وکٹ اپنے نام کیں۔

کراچی کنگز کی ٹیم جوئے ڈینلی، خرم منظور،بابر اعظم،محمد رضوان،شاہد آفریدی، عماد وسیم،محمد عامر،کولن انگرم،روی بھوپارا ،ٹائمل ملز، محمد عرفان پر مشتمل ہے ۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر ز کی طرف سے کپتان سرفراز احمد،اسد شفق،عمر امین ،شین واٹسن،راحت علی ، انور علی ،کیون پیٹرسن ، جوفرا آرچر،ریلے روسو،محمد نواز ، حسن خان اور 17سالہ بولر حسن خان محمد کھیل رہے ہیں۔

پی ایس ایل اب تک کھیلے جانے والے دونوں سیزن میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹائٹل جیتے میں ناکام رہیں تاہم سرفرازاحمد کی قیادت میں کوئٹہ کی ٹیم دونوں ہی بار فائنل میں کھیلنے میں کامیاب رہی ۔

پی ایس ایل 3 میں عماد وسیم پہلی مرتبہ کراچی کنگز کی قیادت کررہے ہیں جبکہ سابق مایہ ناز آل رائونڈ شاہد خان آفریدی بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں،وہ اس سے قبل پشاور زلمی کی نمائندگی اور قیادت کرچکے ہیں۔

آج پی ایس ایل کا دوسرا میچ رات 9 بجے لاہور قلندر اور گزشتہ روز کے میچ کی فاتح ملتان سلطانز کے درمیان ہوگا ۔